Monday, August 22, 2011

کراچی: تشدد جاری، چیف جسٹس کا نوٹِس



کراچی
کراچی میں گزشتہ پانچ دنوں میں اٹھاسی افراد مارے گئے ہیں
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پرتشدد کارروائیوں پر چھٹے روز بھی مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور شہر میں فائرنگ کے واقعے میں مزید چار افراد مارے گئے ہیں۔
ادھر پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا از خود نوٹس لے لیا ہے۔

کراچی میں پرتشدد کارروائیوں کا حالیہ سلسلہ پیپلز پارٹی کے سابق رکنِ اسمبلی واجہ کریم داد کے قتل کے بعد شروع ہوا تھا اور گزشتہ پانچ دنوں کے دوران فائرنگ اور بوری میں بند لاشیں ملنے کے متعدد واقعات میں مرنے والوں کی تعداد نواسی تک پہنچ گئی ہے جن میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
کراچی سے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق تشدد کے تازہ واقعے میں گارڈن کے علاقے میں واٹر بورڈ کے دفتر میں فائرنگ سے چار افراد مارے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح پیش آیا ہے اور نامعلوم مسلح افراد نے دفتر میں گھس کر فائرنگ کی ہے جس سے ایکسیئن سمیت چار ملازم ہلاک ہوئے ہیں۔
شہر کی کشیدہ صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی کراچی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے صوبے کے گورنر اور وزیراعلْی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ پیر کو سندھ کابینہ کے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ اب شہر میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے اور مکمل امن و امان کے لیے شہر کو اسلحہ سے پاک کرنا ضروری ہے جس کے لیے چار دن میں مہم کا آغاز ہو جائے گا۔
رحمان ملک
تاہم حکومت کی اہم اتحادی جماعت اے این پی نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے جبکہ ایم کیو ایم حکومت سے باہر ہونے کی وجہ سے پہلے ہی اس اجلاس میں شریک نہیں۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ رحمان ملک بھی کراچی میں موجود ہیں اور انہوں نے پیر کو رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اب شہر میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے اور مکمل امن و امان کے لیے شہر کو اسلحہ سے پاک کرنا ضروری ہے جس کے لیے چار دن میں مہم کا آغاز ہو جائے گا۔
دریں اثناء اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سپریم کورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے از خود نوٹس کراچی کے حالات سے متعلق انسانی حقوق سیل میں آنے والی ایک درخواست پر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیف جسٹس نے اس سلسلے میں تمام ٹی وی چینلز کو نوٹسز جاری کیے ہیں جن میں متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ کراچی کی صورت حال کی فوٹیج کے علاوہ مختلف چینلز پر ہونے والے ٹاک شوز کی ریکارڈنگ کی کاپیاں بھی سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں تیئیس اگست تک جمع کروائیں۔
ترجمان کے مطابق مختلف نجی چینلز سے تصاویر اور ویڈیوز ملنے کے بعد از خودنوٹس کی سماعت چوبیس اگست سے شروع ہوگی۔

No comments:

Post a Comment

Note: Only a member of this blog may post a comment.

FOXNews.com

Sky News | Home | First For Breaking News

Jang Blog

Followers